بنگلورو۔3/فروری(ایس او نیوز) بنگلور الیکٹری سٹی سپلائی کمپنی بیسکام نے بجلی کی کٹوتی کے نظام کو مربوط کرنے اور گاہکوں کو لوڈ شیڈنگ سے قبل مطلع کرنے کیلئے ایک نیا نظام متعارف کرواتے ہوئے جس علاقہ میں بھی بجلی کی کٹوتی کی جارہی ہے، وہاں بجلی کے صارفین کو دس منٹ قبل ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس علاقہ میں بھی لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی کٹوتی ناگزیر ہوگی وہاں خریداروں کو پیشگی اطلاع کا نظام وضع کیاجاچکا ہے۔ بجلی کی کٹوتی کی پیشگی اطلاع اگر صارفین کو مل جائے تو اس سے ان کے کافی مسائل حل ہوسکتے ہیں، اور احتیاطی طور پر وہ انتظامات بھی کرسکتے ہیں۔ بجلی کی قلت کا مسئلہ دیہی اور شہری علاقوں کے امتیاز کے بغیر یکساں ہے۔ تجرباتی طور پر بیسکام نے شہری علاقوں میں اس ایس ایم ایس سرویس کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عموماً یہ شکایت رہتی ہے کہ اچانک بجلی کاٹ دی جاتی ہے، جس کی وجہ سے بہت سارے کام ٹھپ ہوجاتے ہیں، عوام کی سہولت کیلئے بیسکام نے اس نئے نظام کو متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیسکام کی طرف سے اس منصوبے کیلئے گاہکوں کے موبائل نمبر یکجا کئے جاچکے ہیں، بیسکام نے اب تک شہر بنگلور کے چالیس لاکھ بجلی کنکشنوں میں سے 30 لاکھ گاہکوں کے نمبرس حاصل کرلئے ہیں۔ گھر یا تجارتی ادارہ کے سربراہ کے موبائل نمبر پر یہ ایس ایم ایس روانہ کیا جائے گا۔ آنے والے دنوں میں اس سرویس کو نہ صرف شہر ی علاقوں بلکہ دیہی علاقوں میں بھی وسعت دی جائے گی۔خاص طور پر بیسکام کی حدود میں آنے والے بنگلور رورل، کولار، رام نگرم، چن پٹن، چکبالاپور، اور دیگر علاقوں کے رعیتوں کو اس ایس ایم ایس سرویس سے کافی فائدہ ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ بتایاجارہا ہے کہ رواں ماہ کے اواخر تک بیسکام کی طرف سے تمام گاہکوں کو اطلاع دی جائے گی کہ وہ اپنے اپنے موبائل نمبر س فوری طور پر بیسکام کے دفاتر میں جمع کرائیں اور اپنی بجلی کی کنکشن کو موبائل نمبر سے ہم آہنگ کراتے ہوئے بجلی کی کٹوتی کے متعلق پیشگی پیغامات حاصل کریں۔